پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے امکانات بہت کم ہیں، ایمل ولی خان


عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ای) کی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے امکانات بہت کم ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک انٹرویو میں انہوں نے پی ڈی ایم کے فیصلوں سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ خیبر پختونخوا نگراں سیٹ اپ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ اس سے اختلاف رکھتے ہیں۔

ایمل ولی کا کہنا تھا کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی تھی کہ یہاں جو کچھ ہو رہا ہے اسے روکیں ورنہ اس سے آپ کی سیاست کو نقصان پہنچے گا۔ اس سے بدنامی مولانا فضل الرحمان کی جماعت کی ہو رہی ہے۔

نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آج رات 10 بجے تک ہو جائے گا، رانا ثنا اللہ

اے این پی رہنما نے کہا کہ ‘ذاتی طور پر مولانا صاحب سے کوئی دشمنی نہیں، ان سے عزت و احترام کا رشتہ ہے۔ سب کو معلوم ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کیا کررہے ہیں۔ یہ اب تو ہر کسی کی زبان پر ہے۔ میں نے مولانا صاحب کو سمجھایا ہے کہ ان کی وجہ سے ہمارے اتحاد کو خطرہ ہوسکتا ہے۔’

عام انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن منعقد کروانا طاقتور حلقوں کا کام ہوتا ہے، نگران حکومت کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوتا ہے۔ امید ہے کہ الیکشن میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔

ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ سیاست میں سب کچھ ممکن ہے لیکن عام انتخابات میں پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے امکانات بہت کم ہیں۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سے بھی اتحاد کا امکان نظر نہیں آرہا کیونکہ وہ اب تحریک انصاف سے اتحاد کی باتیں کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں