وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کی جانب سے نوابشاہ ٹرین حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا، نوابشاہ کے قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے نوابشاہ میں ہونے والے افسوسناک ٹرین حادثے سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثہ سے متعلق ابھی خبر ملی ہے۔ تمام افسران کو فوری طور پر واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ ٹرین حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حادثے میں اب تک 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
نواب شاہ ، ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 15 افراد جاں بحق ، 50 زخمی
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مزید معلومات آتی ہیں تو اس پر بات کرتا ہوں۔ ریلوے کی بحالی کیلئے متعدد اقدام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ نواب شاہ سرہاری کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہزارہ ایکسپریس کراچی سے ایبٹ آباد جا رہی تھی ۔ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔