کراچی: مہنگائی کا نیا طوفان، کوئی سبزی 100 روپے کلو سے کم میں دستیاب نہیں


پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان جنم لینے لگا، کراچی میں کوئی بھی سبزی 100 روپے فی کلو سے کم میں دستیاب نہیں۔

ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اب تک جاری ہیں۔ سبزیوں کی بات کی جائے تو ٹماٹر 130 روپے کلو، آلو 100 روپے کلو اور بھنڈی 120 روپے فی کلو میں فروخت ہورہے ہیں۔

اسی طرح ادرک اور لہسن 300 سے 600 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ گاجر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

خیال رہے کہ ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 29.83 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھیں۔ 7 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں جبکہ21 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ ، چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 20 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا جبکہ 200 گرام پسی ہوئی مرچ 25 روپے اور لہسن فی کلو 20 روپے مہنگا ہوا۔ اسی طرح پیاز 3 روپے فی کلو، انڈے فی درجن 10 روپے مہنگے ہوئے۔

دیگر اشیائے خوردونوش کی بات کی جائے تو باسمتی ٹوٹا چاول 5 روپے فی کلو مہنگا ہوا، گڑ کی فی کلو قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا۔ ایک ہفتی میں دال ماش، مسور اور آلو کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں