خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے 95 سالہ بزرگ محمد زکریا نے بچوں کی رضامندی سے دوسری شادی کر لی۔
اردو نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ محمد زکریا کا تعلق مانسہرہ کے علاقے پکھوال چوک سے ہے، ان کی پہلی بیوی 2011ء میں فوت ہو گئی تھیں، ان کے سات بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہیں، وہ پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں والے ہیں۔
محمد زکریا مانسہرہ میں فصلوں اور بیچوں کے کاروبار سے منسلک ہے اور معروف کاروباری شخصیت ہیں، وہ اپنی پہلی اہلیہ کے فوت ہو جانے کے بعد خود کو اکیلا محسوس کر رہے تھے، انہوں نے اپنے بچوں سے کئی سال پہلے دوسری شادی کی خواہش کی تھی لیکن اس وقت ان کے بچوں نے انکار کر دیا تھا۔
ان کے چھوٹے بیٹے نے آخر کار محمد زکریا کے لئے دلہن ڈھونڈ لی، ان کی دوسری اہلیہ بیوہ ہیں، اس طرح محمد زکریا کی دوسری شادی کی خواہش پوری ہو گئی۔
ان کی شادی کی تقریب مانسہرہ کے ایک شادی ہال میں منعقد ہوئی، اس موقع پر محمد زکریا دوسری شادی پر انتہائی خوش دکھائی دیے کیونکہ انہیں تنہائی کا ایک ساتھی مل گیا۔