قومی ٹیم کو بھارت جانے کیلئے گرین سگنل ملے گا یا نہیں؟ اہم فیصلہ آج متوقع


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کھیلنے کیلئے قومی ٹیم کو گرین سگنل ملے گا یا نہیں، حکومت کی جانب سے اہم فیصلہ آج متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق 2 ماہ بعد بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اب تک گرین سگنل نہیں مل پایا ہے۔ اس حوالے سے آج وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت کمیٹی قومی ٹیم کے بھارت جانے پر غور کرے گی۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی حتمی فیصلہ کرے گی۔

ورلڈکپ: ہوٹلز کےکرایوں سے بچنے کا طریقہ، شائقین نے اسپتالوں میں بکنگ کا پوچھنا شروع کردیا

احسان مزاری نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) خودمختار ادارہ نہیں ہے بلکہ اسے وفاقی حکومت سے اجازت درکار ہوتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نواب شیر وسیر نے کہا کہ اُمید ہے ذکاء اشرف کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ قائمہ کمیٹی اپنی تجاویز ذکاء اشرف کو بھجوائے گی۔

دوسری طرف کمیٹی کی رکن مہرین رزاق بھٹو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ذکاء اشرف کو کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کا نیا سربراہ بنایا ہے۔ امید ہے ہمارے سوالات کے جوابات اب ہمیں ضرور مل جائیں گے۔

خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 رواں برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ہے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں