آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ایشز کی سیریز 2-2 سے برابر، ایشز ٹرافی کینگروز کو تھما دی گئی۔
‘دی اوول’ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 49 رنز سے شکست دے دی۔ 384 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 334 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یوں انگلینڈ نے 49 رنز سے ایشز کا آخری ٹیسٹ اپنے نام کرلیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بلے باز ڈیویڈ وارنر 60 رنز اور عثمان خواجہ 72 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اسٹیو سمتھ 54 جبکہ ٹریوس ہیڈ 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے 4 بلے باز ڈبل فِگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
ورلڈکپ 2023، پاک بھارت ٹاکرے کا دن تبدیل، اعلان آج متوقع
انگلینڈ کی طرف سے نویں اور دسویں وکٹ ریٹائرمنٹ سے پہلے اپنا آخری میچ کھیلنے والے اسٹوارٹ براڈ نے حاصل کی۔ انگلش باؤلر کرس ووکس نے سب سے زیادہ 4 جبکہ معین علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ایشز سیریز 2-2 سے برابر ہونے کے باوجود ٹرافی آسٹریلیا نے اٹھائی جس کی وجہ یہ تھی کہ 2021 کی ایشز ٹرافی آسٹریلیا نے جیتی تھی۔ ایشز قوانین کے مطابق سیریز بغیر نتیجہ ختم ہونے کی صورت میں پچھلا ایڈیشن جیتنے والی ٹیم ٹرافی اپنے پاس رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ ایشز کی تاریخ میں آسٹریلیا کو انگلینڈ پر اب تک برتری حاصل ہے۔ اب تک ایشز سیریز کے 340 میں سے 140 میچز آسٹریلیا کے نام رہے۔ انگلینڈ اب تک صرف 108 میچز میں فاتح رہی۔