فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے پر شوہر کو گرفتار کرا دیا


تائیوان میں فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے پر بیوی نے شوہر کو گرفتار کرا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تائیوان میں بیوی نے پرائیویسی کی خلاف ورزی کے جرم میں شوہر کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جس پر شوہر کو 3 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

شوہر سے جھگڑے کی وجہ سے بیوی اپنی بیٹی سمیت گھر چھوڑ کر میکے چلی گئی تھی اور شوہر سے ہر قسم کا رابطہ ختم کر کے فون کالز اور میسجز کا بھی جواب دینا چھوڑ دیا تھا۔

شوہر نے فیصلہ کیا کہ وہ بیوی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کر کے بیٹی اور ساس تک یہ پیغام پہنچائے گا کہ وہ اپنی غلطی پر شرمندہ ہے اور معافی چاہتا ہے اس لیے آپ اس معاملے کو جلد از جلد ختم کروائیں۔

شوہر نے ساس اور بیٹی کو پیغام پہنچانے کے لیے بیوی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کیا اور 2 بار لاگ ان کیا تاہم جیسے ہی بیوی کو معلوم ہوا کہ اس کا فیس بک اکاؤنٹ شوہر نے ہیک کیا ہے تو اس نے شوہر کے خلاف شکایت درج کروا دی۔

عدالت نے بیوی کی درخواست پر مرضی کے بغیر اس کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ استعمال کرنے پر شوہر کو 3 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔


متعلقہ خبریں