حکومت کا 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ


وزیراعظم شہباز شریف نے 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سویڈن بے حرمتی واقعے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم یک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے ، جمعے کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے امن کیلئے خطرہ ہیں، پرامن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں ایسے واقعات کا تدارک کریں۔


متعلقہ خبریں