بھارت سچا ہے توکشمیر میں استصواب رائے کرا دے، ترجمان دفتر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے چیلنج دیا ہے کہ اگر بھارت سچا ہے تو مقبوضہ کشمیر میں فوری استصواب رائے کرا دے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننا ہے اس میں بھی کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی بربریت کے نتیجے میں مزید سات کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی وحشیانہ مظالم کی پر زورمذمت کرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل  نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے  لیکن اگر جارحیت کی گئی توہماری مسلح افواج منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

پاک، ایران، روس گیس پائپ لائن پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روس سمندر کے اندر سے گیس پائپ لائن کی تعمیر کرے گا اور بھارت اس منصوبے کا حصہ ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت، خطے کو اسلحہ کی دوڑ میں جھونک رہا ہے۔ انہوں  نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتا۔ بھارت کوانہوں نے مشورہ دیا کہ وہ  اسلحہ کے انبار لگانے کے بجائے امن اور مذاکرات کا راستہ اختیارکرے۔

انہوں نے واضح کیاکہ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے گلگت بلتستان پر بھارتی پروپیگنڈے کو بے بنیاد اورلغو قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پانی ہماری شہہ رگ اور انتہائی اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ  پانی کے معاملے پر دفتر خارجہ کوئی کوتاہی نہیں کرے گا۔

ترجمان دفترخارجہ  نے کہا کہ کشن گنگا ڈیم پرذمہ داری عالمی بینک کی ہے،اسے چاہیے کہ  ثالثی عدالت کا قیام یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مسئلے پر مسلسل آواز اٹھاتا رہے گا اوراٹارنی جنرل دفتر اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کے تحفظ کا آئینہ دار ہے لیکن  بھارت میں اقلیتیں مسلسل دباؤ اورتشدد کا شکار ہیں۔


متعلقہ خبریں