مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال : موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل

مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں تین بے گناہ مظلوم نوجوانوں کی شہادت کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ ہڑتال کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور لوگوں کی آمد و رفت بھی تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔

قابض بھارتی افواج نے گزشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران تین کشمیری نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دے کر شہید کردیا تھا۔ بھارتی افواج نے شہدا کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کے بجائےانہیں دفنا بھی دیا تھا۔

بھارتی افواج کے بہیمانہ اور انسانیت سوز ظلم کے خلاف ضلع کلگام اور پلوامہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی۔ بھارتی افواج نے ریاست مخالف مظاہرے کو روکنے اورعلاقے کی صورتحال سے دنیا کو بے خبر رکھنے کے لیے دونوں اضلاع میں موبائل اورانٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔

ماہ رواں کے آغاز میں بھی قابض بھارتی افواج نے تین کشمیری نوجوانوں کو گاڑی تلے کچل دیا تھا جن میں سے ایک شہید اوردو شدید زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب حریت رہنماؤں کی زیر قیادت سری نگر کے علاقے حیدرپورہ میں جامع مسجد کے باہر بے گناہ کشمیریوں کی رہائی اور بھارتی افواج کے ظلم و ستم کے خاتمے کے لیے پرامن مظاہرہ کیا جارہا تھا ۔

اپریل کے دوران بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے واقعات میں بھی 33 کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا ان میں سے ایک کو دوران حراست زندگی سے محروم کیا گیا۔ 762 کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا تھا۔

بھارتی افواج نے 24 سے زائد مکانات و دیگر املاک کو بھی تباہ کردیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی افواج نے اپریل کے دوران 13 کشمیری خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اوریا پھرانہیں ہراساں کیا تھا۔


متعلقہ خبریں