عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اندیشہ

عالمی مارکیٹ: خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ سے خام تیل کی پیداوار میں یومیہ 10 لاکھ بیرل تک کمی کر دے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے بعد عالمی سطح پر اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

سعودی وزارتِ توانائی کے ایک بیان کے مطابق سعودی عرب نے پہلے خام تیل کی پیداوار میں پانچ لاکھ بیرل یومیہ کی کمی کی تھی جب کہ اب مزید 10 لاکھ بیرل یومیہ کی کمی سے مجموعی پیداوار میں 15 لاکھ بیرل کی کمی ہو جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گہا ہے کہ اس کمی پر عمل درآمد جولائی سے شروع ہو گا جب کہ اس میں توسیع کی جاتی رہے گی۔

یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی کے بعد سعودی عرب کی خام تیل کی یومیہ پیداوار 90 لاکھ بیرل یومیہ ہو جائے گی۔

سعودی عرب کا یہ فیصلہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کے ویانا میں ہونے والے سات گھنٹےکے اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ اوپیک تیل پیدا کرنے والے 13 ممالک کی تنظیم ہے جب کہ 10 دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک کو شامل کرکے اسے اوپیک پلس کا نام دیا جاتا ہے۔

اوپیک پلس میں شامل ممالک عالمی سطح پر خام تیل کی 40 فی صد پیداوار کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں