ملک میں مغربی ہواؤں سے آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

rain latest report

ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہونے کے باعث آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط و تیاری سمیت لوگوں کی آگاہی کے لئے بروقت اقدامات کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں داخل ہونے والی مغربی ہوائیں بالائی اوروسطی علاقوں میں آج بھی موجود رہیں گی جس کے باعث کشمیر ، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ،بنوں، ٹانک، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودہا، میانوالی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ،ننکانہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، قصور، اوکاڑہ اور لاہور میں آندھی،جھکڑ چلنی اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی،جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزورسٹرکچر کو نقصان کا خطرہ ہے۔کسان حضرات موسمیاتی پیش گو ئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔ بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آندھی/جھکڑ /گرج چمک کے دوران عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثنا نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی پر مبنی موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر فعال اقدامات شروع کئے جائیں۔ علاوہ ازیں متعلقہ آبادیوں کی تیاری اور آگاہی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں اور بارش نے تباہی مچادی،میانوالی میں مسجد کی دیوار گرنے سمیت مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔پشاور، میانوالی،بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، ملتان،ڈیرہ اسماعیل خان،عیسی خیل، پاکپتن، بہالنگر، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، ساہیوال، میاں چنوں، اوکاڑہ سمیت مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

میانوالی کے علاقے چکڑالہ میں طوفانی بارش سے مسجد کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر4معصوم بچے جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بچے مسجد میں قرآن پاک کا درس لینے گئے ہوئے تھے کہ حادثہ پیش آیا،جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کوڈسٹرکٹ ہسپتال میانوالی منتقل کر دیا گیا،والدین غم سے نڈھال ہوگئے۔

جھنگ طوفانی آندھی کے باعث چھت گرنے سے نانی اور نواسہ جاں بحق ہوگئے،دونوں کہیں جارہے تھے کہ آندھی کے باعث کچی چھت تلے بیٹھ گئے، چھت آندھی کے باعث گر گئی اور دونوں ملبے تک دب کر جاں بحق ہوگئے۔


متعلقہ خبریں