ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہیں تو ملک کیلئے بہتر ہو گا، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہیں گے تو ملک کیلئے بہتر ہو گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت ملک کو چیلنجز سے نکالنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور پاکستان کو جلد مشکلات سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے اور پارلیمنٹ کا سب کو احترام کرنا ہو گا۔ آئین اور قانون کی بالادستی کا سب کو احترام کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی کوئی ہدایت نہیں کی، 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم نامہ برقرار ہے،سپریم کورٹ

شہباز شریف نے کہا کہ اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا ہو گا اور دہرا معیار کسی بھی معاشرے کے لیے سود مند نہیں ہو سکتا۔ ماضی میں اپوزیشن کو جعلی مقدمات میں جیلوں میں بھجوایا گیا جبکہ کسی کو چاند رات کو اور کسی کی بیٹی کو جیل سے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہیں گے تو ملک کے لیے بہتر ہو گا اور پارلیمنٹ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے تاہم دہرا معیار کہیں نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان میں آئین کی بالادستی کے لیے ہمیں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تمام ادارے مل کر پاکستان کی خدمت کریں جبکہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں