بجلی کی حالیہ بدحالی کے ذمہ دار ہم نہیں، شہباز شریف

کالا باغ ڈیم قومی اتحاد کی قیمت پر نہیں بن سکتا، شہباز شریف| urduhumnews.wpengine.com

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب  شہبازشریف نے کہا ہے کہ مجھ پر ایسے الزامات لگائے گئے ہیں جن کی کوئی حیثیت نہیں، اگر اچھے کو برا کر دیا  گیا تو ملک کیسے چلے گا، ن لیگ  کی حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ عوام  پر چھوڑتے ہیں۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے افسران 30 لاکھ  روپے  تک تنخواہ لے رہے ہیں، سوئی گیس کمپنی میں 45 لاکھ  روپے تنخواہ دی جا رہی ہے، پاکستان اسٹیٹ آئل کے افسران 50 لاکھ  روپے تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ پنجاب کے افسران 10، 12 لاکھ روپے تنخواہیں لے رہے  ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 5  ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے، بجلی بحران ختم کرنے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی، اگر چاہتا تو بجلی صرف پنجاب کو ملتی لیکن اپنا پیسہ لگا کر بجلی پاکستان کو مہیا کی، سرمایہ کاری پنجاب نے کی اور بجلی پورے پاکستان کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے اپنی حکومت کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب میں انڈوومنٹ فنڈ دیا تا کہ قابل نوجوانوں کو مواقع  مل سکیں، ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے، دہشت گردوں کا صفایا کرنا بھی ہماری بڑی کامیابی ہے، کراچی میں سیاسی قیادت کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی ہماری حکومت کا کارنامہ ہے۔

عمران خان پرتنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013 میں عمران خان نے کہا تھا کہ میں ملک بھر میں بجلی فری کردوں گا مگر پانچ سالوں میں انہوں نے مائنس 6 میگاواٹ بجلی پیدا کی، پی ٹی آئی کی وجہ سے اورنج لائن میں 22 ماہ کی تاخیر ہوئی، ساڑھے چار سال مسلسل جنگلا بس بولتے رہے اور اب خود  پشاور میں جنگلا بس بنا رہے ہیں، ان کا میٹرو منصوبہ انہی کے گلے کا پھندا بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی حالیہ بدحالی کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں، میں پہلے کہہ چکا ہوں کہ نگراں حکومت میں  لوڈ شیڈنگ ہوئی تو ہماری ذمہ داری نہیں ہوگی، اب اگر گیس نہ ملی تو الزام  ہم پر نہ لگایا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں پنجاب میں 19 یونیورسٹیاں اور 200 نئے کالج بنے، ہم نے طلبہ میں چار لاکھ لیپ ٹاپ بانٹے، کئی اضلاع میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز بنائیں جبکہ 17 ضلعوں میں ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کرایا۔


متعلقہ خبریں