پولیس نے چودھری شجاعت حسین کے گھر کا دروازہ بھی توڑ دیا، بیٹا زخمی


لاہور: پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کے گھر آپریشن کے دوران چودھری شجاعت حسین کے گھر کا دروازہ بھی توڑ دیا۔

پولیس نے چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے آپریشن کے دوران چودھری شجاعت حسین کے گھر کا دروازہ بھی توڑ ڈالا جبکہ گھر کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

پولیس کی جانب سے شیشے توڑنے پر چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری شافع حسین شیشہ لگنے سے زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کا چھاپہ، پرویز الہٰی کے گھر سے ملازمین گرفتار

وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے پولیس آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں پولیس اہلکاروں کی کون سربراہی کر رہا ہے اور ان کا کون انچارج ہے۔ انہیں معلوم ہی نہیں کہ کیا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے گھر میں داخل ہوئے اور ہمارے بتانے کے باوجود کہ یہ گھر چودھری شجاعت حسین کا ہے پولیس اہلکاروں نے ہماری ایک نہ سنی اور گھر میں داخل ہو گئی۔

ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن وقاص حسن نے کہا کہ غلطی سے چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ کا دروازہ ٹوٹ گیا تھا البتہ میں چودھری شجاعت حسین اور شافع حسین سے معافی مانگ کر آیا ہوں۔

آپریشن کے دوران چودھری پرویز الہٰی کے گھر سے پھینکے جانے والا پتھر فرائض کی ادائیگی کے دوران ہم نیوز کے کیمرہ مین کے سر پر جا لگا جس سے وہی شدید زخمی ہو گیا۔ کیمرہ مین کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے سر پر 5 ٹانکے آئے۔


متعلقہ خبریں