کراچی سائٹ ایریا کی فیکٹری میں بھگدڑ مچنے سے 12افراد کی ہلاکت کے واقعے میں نئے انکشافات سامنے آگئے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق یومیہ کئی خواتین صبح سے شام تک رقم ملنے کی امید میں فیکٹری کے باہر بیٹھی رہتی تھیں۔
تفتیش میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے روز آنے والی خواتین کو شام میں خالی ہاتھ واپس بھیجا جارہا تھا۔
فیکٹری عملہ و سپر وائزر مستحقین کو اگلے روز آنے کا کہتے تھے جس پروہ لوٹ جاتے تھے۔
تفتیشی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فیکٹری مالک نے زکوۃٰ کی مد میں اڑھائی لاکھ روپے کی رقم تقسیم کرنا تھی،فیکٹری مالک کی جانب سے ماضی میں بھی اس ہی طرز پر زکوۃ کی رقم تقسیم کی جاتی رہی ہے۔
دوسری جانب فیکٹری مالک کا بیان ہے کہ زکوۃ کی رقم کے حصول کیلئے مستحقین کئی روز سے فیکٹری کے چکر لگا رہے تھے،فیکٹری مالک عبد الخالق نے آج عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونا تھا،واقعے کے بعد سے فیکٹری کے دونوں منیجر فرار ہیں،جن کی تلاش جاری ہے۔