اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایک بھی غلط قدم انارکی کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا اور اجلاس میں راشن لائن میں جاں بحق ہونے کے واقعات کی مذمت کی گئی۔ کورکمیٹی اجلاس میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو شدید بحران میں دھکیل دیا گیا ہے اور منتخب حکومت کو ایک سازش کے ذریعے گرایا گیا۔ 10 دن میں 20 لوگ آٹا لیتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جو انسانی المیہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا مریم اورنگزیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان
فواد چودھری نے کہا کہ آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کریش گر گئی ہیں لیکن پاکستان میں ایک روپیہ بھی تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی۔ ہم بحران میں ہیں اور ایک بھی غلط قدم انارکی کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہٹانے کے بعد سیاسی اور معاشی بحران پیدا ہوا جبکہ ہم نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں توڑ کر جمہوری روایت پیدا کی۔ آئین میں واضح لکھا ہوا ہے 90 دن میں الیکشن ہونے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئین کو پامال کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں اور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا جبکہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ الیکشن ہونا چاہیے اور آئین کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی لگا دی گئی اور عدلیہ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے جسے اسپانسر کیا جا رہا ہے۔ عدلیہ سے ہمارے خلاف بھی فیصلے آئے ہیں اور عدلیہ اگر ریلیف نہ دیتی تو یہ لوگ حکومت میں نہ آتے۔