توشہ خانہ، احسن اقبال نے مکمل ادائیگی کر دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے توشہ خانہ کا ریکارڈ سامنے آنے کے بعد لی گئی اشیا کی مکمل ادائیگی کر دی۔

توشہ خانہ کا ریکارڈ سامنے آیا تو ریکارڈ میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا بھی نام تھا۔ نام منظر عام پر آنے کے بعد احسن اقبال نے 5 سال قبل لی گئی اشیا کی قیمت ادا کر دی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے توشہ خانہ سے لیے گئے سامان کی مکمل قیمت ادا کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ توشہ خانہ سے 15 لاکھ 50 ہزار مالیت کی مردانہ رولیکس گھڑی حاصل کی تھی اور گھڑی کی قانون کے مطابق 3 لاکھ 4 ہزار روپے ادائیگی کی تاہم گھڑی کے باقی کے 12 لاکھ 46 ہزار روپے بھی خزانے میں جمع کرا دیئے ہیں۔

انہوں نے توشہ خانہ سے لی گئی ایک اور گھڑی جس کی قیمت 7 لاکھ 75 ہزار روپے تھی اور قانون کے مطابق ایک لاکھ 49 ہزار روپے ادائیگی کر دی گئی تھی تاہم اب باقی قیمت 6 لاکھ 26 ہزار روپے بھی ادا کر دی گئی۔

اسی طرح ایک لاکھ 39 ہزار روپے کا قالین توشہ خانہ سے حاصل کیا گیا تھا جس کی قیمت قانون کے مطابق 20 ہزار روپے ادا کی گئی تھی۔ اب باقی کی قیمت بھی ادا کر دی گئی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر توشہ خانہ سے 5 سال قبل لی گئی اشیا کی ادائیگی کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا لیکن کسی غلط فہمی کو دور کرنے کے لیے میں نے اپنے پاس رکھے تحائف کی کل قیمت واپس کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں