پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

Petrol

 پنجاب میں کہیں پیٹرول پمپس بند ہیں تو کہیں لمبی لائنیں ہیں ، حکومت نے پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

حکومت نے مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔ ٹبہ سلطان پور میں  ضلع انتظامیہ  نے رات گئے پیٹرول کی  ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ وہاڑی کے قریب پارکنگ میں موجود 47 آئل ٹینکرز کو تحویل میں لے لیا گیا۔

ڈی سی  او کے مطابق آئل ٹینکرز میں   50 کروڑ سے زائد مالیت کا 20 لاکھ لیٹر سے زائد فیول موجود ہے۔ وہاڑی آئل ڈپو کے  قریب 8 غیر قانونی آئل ٹریڈرز کی دکانوں کو بھی  سیل کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ مالکان مصنوعی بحران پیدا کرکے پٹرول 300سے 350روپے لیٹر فروخت کررہے تھے۔

وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا، تمام پیٹرول پمپس کو چیک کیا جارہا ہے۔ چھ پیٹرول پمپس کو سیل کردیا گیا۔ اکیس ایف آئی آر کاٹی گئی ہیں۔ دواضلاع میں 7پیٹرول پمپس کو جرمانہ کیا گیا۔ ملک میں بیس دن کا پیٹرول اور 29 دن کا ڈیزل موجود ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں پیٹرول کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے شہروں میں پیٹرول پھر نایاب،شہری پریشان

پتوکی ، قصور اور شیخوپورہ   میں پیٹرول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔ تینتس کروڑ روپے مالیت کا ذخیرہ  کردہ پیٹرول اور ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ دو ڈپو سیل اور ایک درجن سے زائد آئل ٹینکر بھی قبضہ میں لے لیے گئے۔ جڑانوالہ میں انتظامیہ کی کارروائیوں کے بعد پٹرول پمپ مالکان نے محدود مقدار میں پیٹرول دینا شروع کر دیا ہے کئی پمپوں پر ابھی بھی پیٹرول کی فروخت بند ہے۔

پیٹرول پمپ سیل اور جرمانے کرنے کی دھمکیوں کے باوجود پیٹرول کی قلت میں کمی نہیں ہوئی۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کا بحران برقرار ہے۔ کہیں پمپ مالکان نے پیٹرول کی فروخت مکمل بند کر دی تو کہیں انتہائی کم مقدار میں فراہم کیا جارہا ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو پیٹرول نہیں مل رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی پیٹرول دستیاب ہے مگر کار سوار بیس اور موٹرسائیکلسٹ چار لٹر سے زیادہ پیٹرول نہیں ڈلوا سکتے۔

گوجرانوالہ شہر میں اسی فیصد پیٹرول پمپس بند ہیں۔ فیصل آباد میں بھی پیٹرول کی قلت ہے جب کہ سرگودھا میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔ پاکپتن میں ایک لیٹر پیٹرول تین سو روپے کے حساب سے مل رہا ہے۔


متعلقہ خبریں