جیل بھرو تحریک میں پہلے اپنی اہلیہ اور فرح خان کو گرفتار کرائیں، مریم نواز

لوگوں کے منہ سے نوالہ تم نے چھینا ہے، پنجاب تمہیں معاف نہیں کریگا، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں پہلے اپنی اہلیہ اور فرح خان کو گرفتار کرائیں۔

ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھ گئے، دامن صاف ہے تو عدالت جائیں، یہ ٹانگ کے پلاسٹر نہیں اپنے جرائم کی وجہ سے عدالت نہیں جاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ ہزارہ بنانے کیلئے ٹوتھرڈ میجورٹی دو مل کر بنائیں گے، یہ ملک ہمارا ہے، ہماری نسلوں نے ادھر رہنا ہے، آنے والی نسلوں کیلئے (ن) لیگ کو ووٹ دیں، ملک کو مسائل سے صرف نواز شریف ہی نکال سکتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ دل کرتا ہے خیبرپختونخوا کے ہر محلے، گلی میں جاؤں، خیبرپختونخوا کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے، نوازشریف نے مجھے چیف آرگنائزر کی ذمہ داری دی ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں جاؤں گی، آج خواتین ونگ اور کل ضلعی صدور سے ملاقاتیں ہوں گی، تنظیمی لحاظ سے مسلم لیگ (ن) کو منظم کریں گے، مجھے احساس ہے غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔

مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دامن صاف نہیں اب سہولت کار نہیں ہیں جو بچائیں گے، جیبیں تم نے بھریں کارکن کیوں گرفتار ہوں؟، خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھے ہو، جس نے چوری کی اب جواب بھی دے، نواز شریف نے ہر چیز کا جواب دیا تم بھی وہیل چیئر پر جا کر جواب دو، ان کے جرائم سے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں اسی لیے چیخ رہے ہیں۔

انتظار کر رہے ہیں، جیل بھریں اور شروعات زمان پارک سےکریں، مریم نواز

انہوں نے کہا عمران خان تو آج ماضی کا حصہ بن گیا اور ملک کو بحرانوں میں پھنسا گیا، کوئی بد دعا نہیں کروں گی، اللہ صحت دے، عدالت بلائے تو ٹانگ پر پلاسٹر چڑھا ہوتا ہے، جلسہ کرنے راولپنڈی چلا جاتا ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ پھاڑ کر خود بنکرمیں جا کر بیٹھ گیا ہے، کہتا ہے ایجنسیز مجھے مارنا چاہتی ہیں، پہلے امریکا پر الزام لگایا اور آج محسن نقوی پر الزام لگا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان امریکا سے ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتا رہا، کبھی زرداری، کبھی ایجنسیز پر الزام لگاتا ہے، آپ اپنے آپ کو اتنا اہم کیوں سمجھتے ہو جو سارے آپ کو مارنے کی سازش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب بول رہے ہیں جو رہ گئے وہ بھی نواز شریف کے حق میں بولیں گے، زیادتی نواز شریف نہیں اس ملک کے ساتھ ہوئی، انہوں نے تو سارے زخموں کو برداشت کر لیا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں