عمران خان کو مائنس کرنا ہے تو مارشل لا لگایا جائے، فواد چودھری

مقدمہ بنتا ہی نہیں، مجھے بھگت سنگھ اور نیلسن مینڈیلا کی صف میں شامل کردیا گیا، فواد چدھری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنا ہے تو مارشل لا لگایا جائے۔

سابق وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے اور سیاسی استحکام کے لیے فوری صاف شفاف الیکشن کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی کی تعداد 188 ہے اور کل اسمبلی میں 21 بل پاس ہوئے جو وزیر اعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا ہی اظہار ہے۔

فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ مومنہ وحید نے ڈیل کے بعد 5 کروڑ روپے لیے۔ مظفر گڑھ کے اراکین کو نامعلوم نمبرز سے کالز آئیں اور رشوت کی آفر دی گئی۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے 5 صوبائی اراکین اسمبلی کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے آفر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو توڑنے کی کوشش کی گئی لیکن ہمارے اراکین اسمبلی نے ان آفرز کو مسترد کر دیا۔ آرمی چیف سے درخواست کرتے ہیں کہ ان معاملات کی تحقیقات ضروری ہے کیونکہ معاملات بڑے تشویشناک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اختلافات رہتے ہیں مگر صوبوں نے وفاق سے بہترین تعاون کیا، وزیراعظم

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ جھگڑوں میں نہیں پڑنا چاہتے بلکہ ورکنگ ریلیشن شپ چاہتے ہیں۔ مائنس عمران خان کی باتیں کرنے والے پاکستان کو کمزور کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست کا کوئی مستقبل نہیں ہے اور عمران خان کو مائنس کرنا ہے تو ملک میں مارشل لا لگایا جائے۔ الیکشن کمیشن الیکشن کرانے کے علاوہ ہر کام کرنے کو تیار ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری وارنٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور وارنٹ گرفتاری کے خلاف ہم عدالت جا رہے ہیں،

فواد چودھری نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کا کیس دائر کریں گے اور ان سب کو توہین عدالت کی سزا ہو گی جبکہ عوام کی عدالت میں بھی سزا ہو گی۔ آئین اور قانون کے مطابق چلیں۔ عدالت کے فیصلے کو دیکھ کر اپنا اگلا لائحہ عمل کا کل اعلان کریں گے۔ جلد اسمبلیاں تحلیل کر کے ہم آگے بڑھیں گے۔


متعلقہ خبریں