لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے مشاورت کا نیا سلسلہ مکمل کرنے کے بعد پنجاب کے نگران وزیراعلی کے لیے ڈاکٹر حسن عسکری اور سابق آئی جی خیبرپختونخوا ناصر درانی کے نام پیش کر دیے ہیں۔
پارٹی کی مرکزی سطح پر مشاورت مکمل ہوجانے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے نئے مجوزہ نام وزیر اعلی پنجاب کو پیش کرنے کے لئے اسپیکر سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے وزیراعلی سے وقت لے کر ملاقات طے کرانے کی حامی بھری ہے۔ اپوزیشن لیڈر سے کہا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سے بات کر کے ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے تحریک انصاف چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بعد ناصر محمود کھوسہ کا نام پیش کیا تھا۔ اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ نام سے ن لیگ نے بھی اتفاق کیا تھا تاہم چند روز بعد ہی پی ٹی آئی نے اسے واپس لینے کا اعلان کر ڈالا۔
تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کے نگران وزیراعلی کے لیے نام پیش کرنے اور اتفاق رائے کے بعد اسے واپس لینے سے صورتحال نے عجیب رخ اختیار کر لیا تھا۔
نام دینے اور واپس لینے کے معاملہ پر پارٹی کےاندر اور سوشل میڈیا پر پنجاب میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنے۔ ان سے پوچھا جاتا رہا کہ نامزدگی واپس لینی تھی تو کی کیوں؟ ساراملبہ اپنے اوپر آنے پرمیاں محمودالرشید نےبھی اصل راز کھول دیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کےویڈیو لنک اجلاس میں عمران خان کا ایس ایم ایس دکھا دیا جس میں کپتان نے خود ناصرکھوسہ کے نام کی منظوری دی تھی۔
جمعہ کے روز پہلے یہ خبر آئی کہ طارق کھوسہ کے اہلخانہ نے انہیں نگراں وزیراعلی نہ بننے کا مشورہ دیا ہے۔ بعد میں طارق کھوسہ کا بیان بھی سامنے آگیا، انہوں نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے ساتھ مشورہ کیے بغیر نام پیش کیا گیا اور پھر واپس لے لیا گیا جس سے میری ساکھ مجروح ہوئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی حکمراں جماعت ن لیگ مصر ہے کہ طارق کھوسہ کے نام پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اب وہی نگراں وزیراعلی بنیں گے۔
خیبرپختونخوا میں بھی کچھ ایسا ہی معاملہ ہوا جہاں تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کے پیش کردہ ناموں میں سے ایک پر اتفاق کرتے ہوئے منظور آفریدی کا نام نگراں وزیراعلی کے لیے طے کر لیا۔
وزیراعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ انہوں نے نگراں وزیراعلی کے پی کیلیے آنے والے ناموں پر پارٹی سربراہ عمران خان سے مشاورت کی ہے تاہم بعد میں پی ٹی آئی نے منظور آفریدی کا نام بھی مسترد کر دیا تھا۔