پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کہاں ہونے جا رہی ہے ؟


پاک بھارت کرکٹ میچز کے فین دنیا بھر میں موجود ہیں، میلبرن کرکٹ کلب اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے پاک بھارت ٹیسٹ کی میزبانی کے لیے  کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا ہے۔

ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیورٹ فوکس نے ریڈیو کمنٹری کے دوران کہا کہ ایم سی سی اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے اکتوبر میں پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا ہے،  ہمیں پاکستان اور بھارت کے میچ کی میزبانی کر کے اچھا لگے گا۔پاکستان اور بھارت کا میچ ایم سی جی میں ورلڈ کپ میں 90 ہزار سے زائد تماشائیوں نے دیکھا ، اور اگر ٹیسٹ میچز ہوتے ہیں تو وہ بھی شاندار ہوں گے، اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہو گا۔

 


انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے بات کی ہے، یہ معاملہ بہت پیچیدہ ہے لیکن ہم نے اور وکٹوریہ حکومت نے کرکٹ آسٹریلیا سے بات کی ہے، ہاؤس فل میں کھیل کے جشن کے لیے شاندار ماحول ہو گا، نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز یا ٹیسٹ کھیلنا پاکستان اور بھارت کے بورڈز کے ہاتھ میں ہے۔

واضح رہے میلبرن کرکٹ کلب ایم سی جی کے تمام انتظامات سنبھالتی ہے۔

آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کے شائقین بڑی تعداد میں آسٹریلیا میں موجود ہیں،  اگر دونوں بورڈز کے درمیان کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو کرکٹ آسٹریلیا کو میزبانی میں دلچسپی ہو گی۔

 

 


متعلقہ خبریں