جب اسپیکر سے ملنے جائیں وہ فرار ہو جاتے ہیں، فواد چودھری

پی ٹی آئی کا عمران خان کی تقاریر پر پابندی عدالت میں چیلنج کرنیکا اعلان

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ جب بھی اسپیکر سے ملنے جائیں تو وہ فرار ہو جاتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر بیٹھ گئے ہیں اور حکومت میں آ کر انہوں نے اپنے مقدمات ختم کیے جبکہ ہمارے اراکین نے ایوان میں کھڑے ہو کر استعفے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کے بعد کوئی تنخواہ اور مراعات نہیں ملیں اور ہم جب بھی اسپیکر سے ملنے جاتے ہیں وہ فرار ہو جاتے ہیں۔ اسپیکرنے پی ٹی آئی اراکین کو کل ملاقات کے لیے آنے کو کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حالات مشکل ضرور ہیں لیکن پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا، اسحاق ڈار

فواد چودھری نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو افغانستان کے حالات کا پتہ ہی نہیں ہے اور اگر افغانستان کے حالات خراب ہوئے تو اثرات یہاں بھی آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ساری کابینہ بیرونی دوروں پر گئی ہوئی ہے جبکہ موجودہ حکومت میں ملکی معیشت مکمل تباہ ہو گئی ہے۔ ملکی مسائل کے حل کے لیے الیکشن میں جانا پڑے گا۔


متعلقہ خبریں