نیویارک عدالت نے ہاروی ونسٹن پر فرد جرم عائد کردی

نیویارک عدالت نے ہاروی وئنسٹن پر فرد جرم عائد کردی | urduhumnews.wpengine.com

نیویارک: خواتین سے بدسلوکی اور زیادتی کرنے کے الزام میں مقامی عدالت نے ہالی وڈ پروڈیوسر ہاروی ونسٹن پر فرد جرم عائد کر دی۔

نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کا کہنا تھا کہ عدالتی اقدام سے خواتین کے خلاف جرائم کرنے والے ملزمان کا احتساب کرنے میں آسانی ہوگی۔

میرامیکس فلم اسٹوڈیو اور ونسٹن کمپنی کے سربراہ ہاروی ونسٹن پر 70 سے زائد خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا الزام ہے۔

ہاروی ونسٹن کے وکیل بین برافمین کا کہنا تھا کہ وہ ان الزامات کو قبول کرنے کی بجائے اپنا دفاع کریں گے۔ جرم ثابت ہونے پر انہیں پانچ سے 25 سال تک سزا ہو سکتی ہے۔

کچھ دن قبل ہی جنسی استحصال کے الزامات میں گھرے ہالی وڈ پروڈیوسر نے خود کو نیویارک پولیس کے حوالے کیا تھا۔

ہاروی ونسٹن پر لگائے جانے والے الزامات سب سے پہلے امریکی اشاعتی ادارے نیویارک ٹائمز میں شائع ہوئے تھے۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر ’می ٹو‘ نامی تحریک نے جنم لیا تھا۔

اکتوبر 2017 سے اب تک کئی بڑے کاروباری شخصیات، حکومتی عہدے دار اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے نام ’می ٹو‘ تحریک کی زد میں آچکے ہیں۔

ہالی وڈ میں شروع ہوئی می ٹو مہم کے بعد سے کئی اداکاراؤں نے ان پر استحصال کے الزامات عائد کئے تھے۔


متعلقہ خبریں