پرویزالٰہی پی ڈی ایم کے وزیراعلیٰ بھی بن سکتے ہیں، فہد حسین


 پی ڈی ایم پنجاب اسمبلی بچانے کے لیے ہر آپشن پر غور کرنے لگی۔ معاون خصوصی فہد حسین کا کہنا ہے کہ  پرویزالٰہی پی ڈی ایم کے وزیراعلیٰ بھی بن سکتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد حسین نے عندیہ دیا ہے کہ پرویزالٰہی پی ڈی ایم کے وزیراعلیٰ بھی بن سکتے ہیں۔  ہم نیوز کے پروگرام ’’پاکستان ٹونائٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشاورتی عمل میں ہر ممکن آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔

معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ گورنر نے آرڈر جاری کردیا۔ پرویز الہیٰ کو بدھ کو شام چار بجے اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔ اسمبلیاں تحلیل نہیں ہوسکتیں، کسی فرد واحد کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ اسمبلیاں توڑ دے۔

یہ بھی پڑھیں:ق لیگ اسمبلیاں تحلیل نہیں کرتی تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہے، فواد چودھری

واضح رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 21 دسمبر شام 4 بجے طلب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے  کہ وزیراعلی پرویز الہٰی اپنے پارٹی صدر اور اراکین کا اعتماد کھو چکے ہیں اور کچھ ہفتوں سے حکومتی اتحادی جماعتوں میں سنجیدہ نوعیت کے اختلافات ہو چکے۔

انہوں نے کہا  ہےکہ وزیراعلی نے ایک رکن کو کابینہ میں شامل کیا جبکہ عمران خان نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ سردار حسنین بہادر دریشک کی کابینہ اجلاس کے دوران تلخ کلامی بھی  ہوئی۔ سردار حسنین بہادر دریشک مستعفی ہو گئے یہ بھی اختلافات کا شاخسانہ ہے۔


متعلقہ خبریں