ق لیگ اسمبلیاں تحلیل نہیں کرتی تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہے، فواد چودھری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ اگر ق لیگ اسمبلیاں تحلیل نہیں کرتی تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ق لیگ کے اسمبلی تحلیل نہ کرنے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا اور اگر ق لیگ اسمبلی تحلیل نہیں کرتی تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہے۔ ق لیگ کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ اتحاد میں رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال تو ق لیگ نے اعتماد دلایا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ق لیگ جمعہ کو اسمبلی تحلیل کر دے گی تاہم جمعہ کو پتہ چل جائے گا۔

فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی تقریر کے بعد ایک گھنٹے تک وزیر اعلیٰ پنجاب ہمارے ساتھ تھے جہاں انہوں نے چائے اور کافی پی مگر جنرل باجوہ سے متعلق کوئی بات نہیں کی اور بعد میں انہوں نے بتایا کہ فون آ گیا اوپر سے پریشر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے عمران خان اور ق لیگ کی سیاست میں فرق ہے۔ رانا ثنا اللہ کو کس نے منع کیا ہے وہ ابھی گرفتار کیوں نہیں کر رہے لیکن ان کی کوئی حیثیت نہیں انہوں نے صرف بیان دیا ہے۔ عمران خان کے اوپر پہلے ہی 33 کیسز بنائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کرانا ہمارا کام نہیں تاہم ہم تیار ہیں، کامیابی ملے گی، اسحاق ڈار

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جمعرات کو قومی اسمبلی میں جا کر اسپیکر کے سامنے مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے اور پرویز الہٰی نے عمران خان کو اسمبلی تحلیل کی سمری دے دی تو گورنر کو بھی دے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی وزیر اعلیٰ ہی توڑ سکتے ہیں اور اگر وزیر اعلیٰ نا چاہیں توعمران خان خود اسمبلی نہیں توڑ سکتے۔


متعلقہ خبریں