وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے کی 14روزہ حفاظتی ضمانت منظور


 اسلام آبا د ہائیکورٹ نے اثاثہ جات کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی 14روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔ ایف آئی اے اور نیب مقدمات میں سلیمان شہباز نے حفاظتی ضمانت کے لیے رجوع کر رکھا تھا۔

عدالت سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلیمان شہباز نے کہا کہ ہم پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، شریف فیملی کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں، ہماے ساتھ عمران خان نے جو کچھ کیا سب کےسامنے ہے، جاوید اقبال پر دباو ڈال کر ہمارے خلاف کیسز بنوائے گئے، بشیر میمن نے بتایا کہ کس طرح ان پر عمران خان دباو ڈالتے تھے، شہزاد اکبر آج کل نظر نہیں آتے وہ بیرون ملک فرار ہیں، ہم پر برطانیہ میں 18ماہ بےبنیاد مقدمہ چلتا رہا، ہم نے سامنا کیا اور سرخرو ہوئے، این سی اے میں حکومت پاکستان کے کہنے پر ہمارے خلاف کیس بنا، شہزاد اکبر اس سلسلے میں لندن کے چکر کاٹتے رہے، این سی اے نے مجھے اور شہباز شریف سے تحقیقات کیں، اور انہیں کوئی ثبوت نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان بتائیں جنرل باجوہ کو تاحیات ایکسٹینشن کی پیشکش کیوں کی؟ سلیمان شہباز

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو جواب دے، سائفر پر قوم کو تباہ کیا اور بعد میں امریکیوں کے پاؤں پڑ گیا، عمران خان نے ڈرامہ کیا سازش کی، اب کہتے ہیں غلطی ہوگئی، سائفر پر ڈرامے بازی سب کے سامنے عیاں ہوگئی ہے، عمران خان نے توشہ خانہ میں کیا کیا، ہم ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، ہم انہیں کوئی اسپیس نہیں دیں گے، کیسز کا فالواپ ہوگا، این سی اے کا ٹیسٹ کیس ہے، عمران خان کو جواب دینا ہے، عمران خان کہتے تھے کہ ایف آئی اے میرے ماتحت ہے، قوم بھول گئی کہ عمران خان نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم کو ووٹ دیا اور پھر خلاف ہو گئے۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوااسمبلی میں ہیلی کاپٹر بل لے آئے کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں سے سرکاری وسائل کے استعمال کا حساب نہ لیا جائے، ہیلی کاپٹر کیا عمران خان کے باپ کا ہے جو حساب نہ مانگیں۔

سلیمان شہباز نے الزام لگایا کہ عمران خان نے ملک پر 25 ارب کے قرضوں کا بوجھ ڈالا ہے، ان کا حساب لیں گے پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔


متعلقہ خبریں