سیلاب سے تباہی پر دکھ ہے، متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہیں، وزیراعظم


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے تباہی پر دکھ ہے، متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔

نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹرافسران کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں، پاکستان وسائل سے مالا مال اور جغرافیائی اعتبار سے اہمیت کا حامل ملک ہے، مشترکہ کاوشوں اور جذبہ سے متاثرین کی خدمت کے قابل ہوئے، دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے، مسلح افواج، این ڈی ایم اے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے متاثرین کیلئے مل کر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھڑی فصلیں برباد ہوئیں، سڑکوں اور ریلوے کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا، قصبوں کے قصبے ڈوب گئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا، کئی دیہات تک رسائی ممکن نہیں تھی تاہم جس طرح اجتماعی کاوش کے ساتھ افواج پاکستان، این ڈی ایم اے، صوبائی ایجنسیوں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر یک جان دو قالب ہو کر شبانہ روز محنت کی ہے اس کا اجر دنیا و آخرت دونوں میں ملے گا، اس کارکردگی کو سراہتے ہیں، سیلاب کی بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے جو شاندار کام کیا اس پر این ایف آر سی سی مبارکباد کی مستحق ہے۔

عمران خان نے شہباز شریف کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے، چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل اختر نواز نے بڑی محنت سے کام کیا، احسن اقبال، شازیہ مری، سردار ایاز صادق، وزیر خزانہ سمیت دیگر نے سیاسی محاذ پر بھرپور کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ماڈل یہاں پیش کیا گیا ہے اس پر بغیر وقت ضائع کئے کام شروع کیا جائے، اندرون سندھ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر اور سیوریج لائنیں بچھانے کی تجویز معقول ہے، اس حوالہ سے وزیر خزانہ سے بات کریں گے، ہمیں ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں اور جذبہ سے ہم متاثرین کی مدد میں کامیاب ہوئے، آئندہ بھی اسی جذبہ سے ایسی صورتحال سے نمٹنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال اور جغرافیائی اعتبار سے اہم ملک ہے، سیلابی تباہ کاریوں پر دکھ ہے، متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے۔

 

 


متعلقہ خبریں