عمران خان آوٹ یا ناٹ آوٹ؟ توشہ خانہ فیصلہ آج،نظریں الیکشن کمیشن پر


عمران خان اہل یا نا اہل؟؟ تمام نظریں الیکشن کمیشن پر، توشہ خانہ ریفرنس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ آج آرہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر فریقین کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے۔ الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ  دن 2 بجے سنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات میں شکست پر رہنماؤں کی تاویلیں مسترد، نواز شریف نے بڑے فیصلے کا عندیہ دیدیا

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

گزشتہ سماعت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں بلکہ کمیشن ہے جب تک ہائیکورٹ کی نگرانی نہ ہو تو کوئی ادارہ عدالت نہیں بن جاتا، الیکشن کمیشن خود کو عدالت قرار نہیں دے سکتا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ 10 سال پرانی چیز اٹھا کر سوال کردیا جائے، یہ ایک سیاسی کیس ہے، اپوزیشن اس پر پریس کانفرنسز بھی کر رہی ہے۔

اس سے قبل عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں 2 ریفرنس دائر کیے گئے تھے جس میں سے دو ماہ قبل الیکشن کمیشن نے ایک ریفرنس خارج کر دیا تھا۔

عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اپنے 60 صفحات پر مشتمل جواب میں کہا تھا کہ عمران حکومت کے ساڑھے 3 سال کے دوران 329 تحائف موصول ہوئے، توشہ خانہ کے 58 تحائف سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے وصول کیے، جن میں سے 30 ہزار سے زائد مالیت کے 14 تحائف سابق وزیراعظم عمران خان اور اہلیہ کو ملے۔

 


متعلقہ خبریں