نواز شریف نے وعدے پورے کیے،شاہد خاقان عباسی


حویلیاں: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 100 دن کی بات کرنے والوں نے پانچ سال میں کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اعلان کردہ سو دن کے کام کو مسلم لیگ (ن) نے پہلے ہی مکمل کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کےدورمیں جوترقی ہوئی وہ 65 سال میں نہیں ہوئی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شاہ مقصود حویلیاں موٹروے اورحویلیاں تھا کوٹ ایکسپریس وے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرنے کے بعد منعقدہ ایک تقریب سےخطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دس سال تک آمریت رہی، پھر جمہوریت آئی لیکن کام نہیں ہوئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری حکومت پہلی حکومت ہے جس نے منصوبے مکمل کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے نمائندوں نے عوام کی خدمت کی اور دوبارہ خدمت کرنے جولائی میں آئیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ عوام کا ہوگا، 25 جولائی کوالیکشن ہوگا جوعوامی فیصلہ آئے گا اسے قبول کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ مجھے نظرنہیں آتا لوگ دھرنے دینے والوں کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا ہم نے اپنے دورحکومت میں شرافت کی سیاست کو فروغ دیا اورہماری کوشش رہی حکومت مدت پوری کرے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جیسے حالات اب پیدا ہوئے وہ دوبارہ نہ ہوں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب لوگ خنجراب تک موٹروے کا سفرکریں گے۔  انہوں نے کہا کہ حویلیاں منصوبہ نومبر تک مکمل ہو جائے گا اور یہ چھوٹا منصوبہ نہیں ہے۔

ن لیگ کے ترقیاتی منصوبے گنواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساڑھے500 کلومیٹرموٹروے ن لیگ نے بنائی اور17سوکلومیٹر موٹروے بھی ن لیگ بنا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں