کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم رہے ہیں۔ ورلڈ بینک سے کراچی کے لیے 6 ارب روپے ملیں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سازشوں کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ اس وقت سیلاب متاثرہ 50 فیصد علاقوں سے پانی کو نکالا جا چکا ہے اور جہاں جہاں پانی کھڑا ہے وہاں سے بھی نکالا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ خود ساری چیزوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں 5 لاکھ 23 ہزار 195 ترپال اور 14 لاکھ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو راشن فراہم کر چکے ہیں۔ متاثرین کے پاس کھانے پینے کی کوئی چیز نہیں تھی تاہم اب متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ورلڈ بینک کے نمائندے سے ملاقات اچھی رہی اور ورلڈ بینک سے کراچی کے لیے 6 ارب روپے ملیں گے اور 7 ارب روپے سندھ حکومت لگائے گی۔ کراچی کے انفراسٹرکچر پر 13 ارب روپے لگائے جائیں گے۔ سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے کراچی میں بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 323 ملین ڈالر کاشتکاروں پر خرچ کیے جائیں گے۔ وزیر خارجہ کے بیرون ملک دورے کامیاب رہے اور انہوں نے پوری دنیا کے سامنے سیلاب متاثرین کا کیس رکھا۔ کامیاب سفارت کاری کی وجہ سے دنیا ہماری مدد کر رہی ہے لیکن اس وقت کچھ لوگ ملک کے خلاف سازشوں میں مسلسل مصروف ہیں۔ تحریک انصا ف کی تمام سازشیں ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے ہیلتھ انشورنس دی ہے، عمران خان
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سلیکٹڈ وزیر اعظم تھے اور ناکام ترین وزیر اعظم رہے ہیں۔ عمران خان جعلی طریقے سےاقتدار میں آئے اور اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی عمران خان انوکھا لاڈلا بنے رہے۔ عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان واحد وزیر اعظم ہے جس کو آئینی طریقے سے گھر بھیج دیا گیا جبکہ عمران خان کی خط اور سائفر کی بات بھی ایکسپوز ہوئی۔ آڈیو لیکس میں کہتے ہیں اس ملک کا نام نہیں لینا اور خود جلسوں میں اس ملک کا نام لیتے رہے۔ جن ووٹوں سے عمران خان کو نکالا گیا ان میں ایک ووٹ بھی پی ٹی آئی کا نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آڈیو سے ثابت ہوا کہ 5 اراکین خریدے گئے اب بتائیں جو 5 اراکین خریدے گئے وہ کتنے پیسوں میں خریدے گئے؟ 5 ارکان، بلین سونامی یا پھر بی آر ٹی کے پیسوں سے خریدے گئے؟ عمران خان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی ہونی چاہیئے اور ایف آئی اے سے گزارش کرتا ہوں کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے کرپٹ ترین لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں، خواجہ آصف
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مبینہ آڈیو لیکس عمران خان کے خلاف چارج شیٹ ہے، اس لیے ان کے خلاف جے آئی ٹی بنانئی جائے۔ مذہبی ٹچ صرف عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے ہے۔ جس طرح عمران خان سیاست کر رہے ہیں آج تک کسی نے نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان منافق شخص ہے اور انہوں نے نوجوان نسل کو گمراہ کیا۔ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر عمران خان کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے اور جو سلوک باقی جماعتوں کے ساتھ ہوتا رہا ہے وہی سلوک عمران خان کے ساتھ ہونا چاہیئے۔ اس شخص کے ساتھ لاڈلے والا سلوک بند ہونا چاہیئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایک ملک میں ایک ہی نظام ہونا چاہیئے دو نہیں جبکہ پیپلز پارٹی کسی قسم کی آڈیو اور ویڈیو لیکس کو اچھا نہیں سمجھتی۔ عمران خان نے ملک کی سالمیت کا سودا کیا ہے۔