سیلاب متاثرین کیساتھ ہیں، وفاق نے 28 ارب فراہم کیے ہیں، 3 ستمبر تک امداد کی فراہمی مکمل ہو جائیگی، وزیراعظم


چار سدہ: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں، مایوس نہیں کریں گے، سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وفاق نے 28 ارب روپے فراہم کیے ہیں، تین ستمبر تک سیلاب متاثرین کی امداد کی فراہمی مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سیلاب: غیررجسٹرڈ تنظیموں کے امدادی کیمپ لگانے پر پابندی

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے یہ بات چار سدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے اور متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انجینئر امیر مقام، آفتاب احمد خان شیرپاؤ، ایمل ولی خان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیے جانے والے ریلیف کیمپوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے لوگوں کے مسائل سنے، انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پراعلیٰ حکام کی جانب سے وزیراعظم کو سیلابی صورتحال، ہونے والے نقصانات اور متاثرین کو درپیش مشکلات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

میاں شہباز شریف نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فی کس 25 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لیے تیار ہیں، آپ لوگوں کو بہت تکلیف پہنچی ہے، آپ نے بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے۔

سیلاب کی تباہ کاریاں جاری: اموات 1061 ہو گئیں

انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں 242 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جو لوگ جاں بحق ہوئے ہیں ان کے لواحقین کو فی کس دس لاکھ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ چاروں صوبوں میں امدادی پروگرام جاری ہے، سندھ و بلوچستان کے دورے کیے ہیں، سیلاب نے بڑی تباہی پھیلائی ہے، سندھ کیلئے ہم نے 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، بلوچستان کیلئے 140 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، این ڈی ایم اے اور صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ جب تک آپ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، آپ فکر نہ کریں، ہم سب مل کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے، مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ہے۔

امریکی خلائی کمپنی نے پاکستان میں سیلاب کی سیٹلائٹ سے لی گئیں تصاویر جاری کردیں

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پر سیلاب متاثرین نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے کہا کہ آپ پہلے خادم پنجاب تھے اب خادم پاکستان ہیں۔


متعلقہ خبریں