عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، کھلاڑیوں کے رات سے بنی گالا میں ڈیرے


رہنما تحریک انصاف پر ویز خٹک کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کوئی گرفتار نہیں کر سکتا۔

گزشتہ روز بنی گالہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر پرویز خٹک سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ انہیں خیبر پختونخوا لینے آئے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ عمران خان مرد ہے بھاگے گا نہیں، اور کسی کے باپ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ اسے گرفتار کر سکے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر بڑی تعداد میں کارکن اور پی ٹی آئی رہنما بنی گالہ میں موجود ہیں، جن میں فواد چودھری، اسد عمر اور مراد سعید، فیصل جاوید، زلفی بخاری، شہریار آفریدی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری کے آرڈر جاری کر دیے گئے، مرادسعید کا دعویٰ

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ میں ہیں، سینکڑوں کارکنان اس وقت بنی گالہ پہنچ چکے ہیں، لیڈرشپ میں کئی لوگ یہاں موجود ہیں جبکہ پورے پاکستان سے ہزاروں لوگ بنی گالہ کی طرف رواں دواں ہیں۔

فواد حسین نے ایک ویڈیو بھی شئیر کی جس میں کئی بسیں دیکھی جا سکتی ہیں، انہوں نے دعوی کیا ہے کہ فیصلُ آباد سے بسوں میں قافلے بنی گالہ کیلئے رواں دواں ہیں، آپ جہاں بھی ہیں آج بنی گالہ پہنچیں اور عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ تمام تنظیموں کو تیار کر دیا گیا ہے. عوام بھی اپنے کپتان کے لئے نکلنے کو تیار ہیں. ابھی بھی وقت ہے، حکومت ہوش کے ناخن لیں۔


رہنما علی زیدی نے کہا کہ حکومت کو کہتے ہیں فی الفور انتخابات کرائےجائیں، عمران خان کی گرفتاری ایک احمقانہ اقدام ہوگا، عمران خان ریڈ لائن ہیں اگر وہ گرفتار ہوئے تو ملک بند ہوجائےگا، حکومت احمقانہ حرکت سے گریز کرے۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد اُن کی گرفتاری کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں