ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک، وزیراعظم اور آرمی چیف کی نماز جنازہ میں شرکت


بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجرجنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد کی نمازجنازہ آرمی قبرستان میں ادا کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہبازشریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سمیت اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام و وزرا  نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، غیرملکی شخصیات اور ریٹائڑڈ عسکری اور سول حکام کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں موجود تھی۔

آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کو قومی پرچم پیش کیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔ شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

وزیراعظم کا آرمی چیف کو ٹیلی فون، لاپتہ ہیلی کاپٹر بارے تازہ ترین معلومات لیں

واضح رہے پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان سے لاپتہ ہو گیا تھا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران شہید ہوئے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کا حادثہ خراب موسمی صورتحال کے باعث پیش آیا۔ شہدا میں بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔

بریگیڈیئر امجد حنیف کی بطور میجر جنرل ترقی کی منظوری ہو چکی تھی۔


متعلقہ خبریں