اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ یہ ہماری فنڈنگ کا راستہ روک کر ہماری سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ہو کیا رہا ہے۔ الیکشن خریدے جاتے ہیں اور بند کمروں میں بیٹھ کر ڈیلیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میں ایسا لیڈر آگیا ہے جو کہتا ہے کہ میں نے سیاست عوام کے زور پر کرنی ہے اور پچھلے 4 مہینوں میں دیکھا گیا کہ مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی لیکن عمران خان کھڑے ہو گئے۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے عوام باہر کی طاقتوں کے سامنے سرجھکانے اور غلامی کو تیار نہیں ہیں جبکہ عوام کی طاقت اور سیاست کے لیے پیسہ بھی چاہیے اور وہ کہتا ہے کہ میں پیسہ عوام اور کسی سے نہیں لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کے پیسوں کی ترسیل سے ہی تو ملک کی معیشت کھڑی ہے، پیسے کے بغیر سیاست ہو نہیں سکتی کینکہ بینرز، جھنڈے لگانے کے لیے پیسے چاہیئے ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ہر معاملے میں غلط بیانی سے کام لیا، وزیر داخلہ
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے 3 شوکت خانم اسپتال بنائے اور نمل یونیورسٹی بنائی۔ عمران خان اور عوام نے مل کر اس نظام کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور عوام کے پیسے پر پارٹیاں چل رہی ہیں۔ پاکستان میں بدقسمتی سے چند خاندانوں نے حکومت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ خیرات اکٹھی کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو اندرون و بیرون ملک سے لوگ پیسے بھیجتے ہیں لیکن اب یہ چاہتے ہیں کہ ہماری فنڈنگ کا راستہ روک کر یہ ہماری سیاست کو ختم کریں۔