عمران خان نے ہر معاملے میں غلط بیانی سے کام لیا، وزیر داخلہ

عمران خان سڑکوں پر آئے تو گھر بھیجوں گا، ثاقب نثار پی ٹی آئی کی ٹکٹیں بیچ رہا ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہر معاملے میں غلط بیانی سے کام لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا جس میں عمران خان کے بیان حلفی کو غلط قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر معاملے میں غلط بیانی سے کام لیا لیکن اب پی ٹی آئی پر ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جرم ثابت ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ثابت ہوا عمران خان مصدقہ جھوٹے ہیں، وزیر اعظم

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ قانونی طور پر سیاسی جماعت بیرون ملک سے فنڈز نہیں لے سکتی لیکن عمران خان نے پاکستان دشمن ممالک سے بھی فنڈز لیے جبکہ فواد چودھری کہہ رہے ہیں کہ فارن فنڈنگ کا کوئی ذکر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی ظفر پڑھے لکھے آدمی ہیں لیکن ان کی باتیں سن کر حیرت ہوئی۔ قانون کہتا ہے حکومت کسی جماعت کی فارن فنڈنگ پر مطمئن ہو تو کارروائی کر سکتی ہے اور الیکشن کمیشن نے تمام شواہد ریکارڈ کیے ہیں۔ فارن فنڈنگ کے شواہد ہوں تو حکومت 15 دن میں ڈیکلیریشن کرنے کی پابند ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈیکلیریشن سپریم کورٹ کو بھیجی جائے گی جو اگر منظور ہو گئی تو پارٹی تحلیل ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت فارن فنڈڈ پارٹی ہونے پر مطمئن ہے۔


متعلقہ خبریں