عمران خان دو تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے، فیصل جاوید


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان دو تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو مٹھائی بانٹ رہے تھے ان کی پھر خوشیاں خراب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے وکیل نے مواد پیش نہیں کیا اور سپریم کورٹ کے حکم کو کس طرح رولنگ کا حصہ بنایا۔ وہ متعلقہ فیصلے کا حصہ بتانے سے قاصر تھے۔ چوہدری شجاعت کے خط کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا اور اب وہ صرف پکوڑے کھانے کے لیے رہ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئین کے مطابق جو فیصلہ ہو گا ہم اسے تسلیم کریں گے، شہباز گل

فیصل جاوید نے کہا کہ بادی النظر میں اسپیکر رولنگ کو درست نہیں قرار دیا گیا، پارلیمانی پارٹی اور پارٹی سربراہ دو الگ چیزیں ہیں، ووٹ کس کو دینا ہے یہ پارلیمانی ہیڈ کی چوائس ہوتی ہے، آئین بھی کہتا ہے اور سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی اس حوالے سے واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر آئینی غیر قانونی فیصلہ کیا گیا ہے اور اب سپریم کورٹ ان کو واپس لے کر جا رہی ہے، حمزہ شہباز سوموار منگل تک دو تین دن کے وزیراعلیٰ ہیں، مسلم لیگ ق کے 10 کے 10 لوگوں نے چودھری پرویز الہیٰ کو ووٹ دیا اور ان کے ووٹ کو شمار نہ کرنا غیر آئینی غیر قانونی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قوم ہمیشہ اپنے حق کے لیے باہر نکل رہی ہے، یہ قوم جاگ چکی ہے اور یہی سب سے بڑی جیت ہے۔


متعلقہ خبریں