75 سال بعد بھارتی خاتون کی راولپنڈی جنم بھومی آمد، اہل محلہ کا شاندار استقبال،جذباتی مناظر، بھنگڑے


وہی پریم نگر، وہی پریم گلی، بچپن کی یادوں سے مہکتے پریم نواس کا وہی آنگن، سرحدیں بدل گئیں، لوگ بدل گئے لیکن نہ بدلا توبھارتی خاتون کےلیے پاکستان سے پیار نہ بدلا۔

پاکستان سے محبت 92 سالہ بھارتی خاتون رینا ورما کو 75 سال بعد راولپنڈی کی پریم گلی کھینچ لائی، رینا ورما 75 سال قبل تقسیم ہند کے وقت رینا بھارت منتقل ہوگئی تھیں۔

بھارتی خاتون نے اپنی جنم بھومی کو دیکھنے کی چاہ کی اور پاکستان کے ویزے کیلئے کوششیں شروع کر دیں، ویزا ملنے کے بعد وہ واہگہ بارڈر کے راستے راولپنڈی پہنچیں۔

بھارتی خاتون ڈی اے وی کالج روڈ پر اپنے محلہ پریم نگرآئیں تو اہلہ محلہ نے ان پر دل کھول کرپریم نچھاور کیا، اہل محلہ نے ڈھول کی تھاپ پراستقبال کیا، پھولوں کی پتیاں برسائیں، جسے دیکھ کر رینا ورما بھی جھوم اٹھیں۔

رینا ورما تقسیم ہند سے قبل پریم نگر میں اپنے اس گھر پریم نواس میں رہتی تھیں۔۔۔۔میٹرک یہیں کیا پھر 1947 میں بھارت چلی گئیں۔

رینا ورما کی آنکھوں میں پاکستان کی محبت آج بھی چمک رہی ہے، کہتی ہیں جو محبت اوراپنا پن چھوڑ کر گئی تھی، اس سے زیادہ ملا ہے۔

ہم نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے رینا ورما کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آ کر بے حد خوش ہیں، جس گھر میں وہ رہتی تھیں ان کا بچپن گزرا، وہ آج بھی ویسا ہی ہے، اور انہیں اتنے سالوں بعد بھی وہی اپنا پن محسوس ہوا۔

رینا ورما کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اسکول کا دورہ بھی کریں گی اور اپنے بچپن کے دوستوں سے ملاقات کی کوشش بھی۔

 

 


متعلقہ خبریں