لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور میں صاف پانی کمپنی کرپشن انکوائری میں حمزہ شہباز آج پیش نہیں ہوئے اوراپنے اسٹاف افسر کے ذریعے نیب کو جواب جمع کرا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 18 مئی کو حمزہ شہباز نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے تھے، تفتیش کے دوران انہیں ایک سوال نامہ دیا گیا تھا اورآج سوال نامے کے جوابات اور ضروری دستاویزات ساتھ لے کر آنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران حمزہ شہباز سے ان کے سیاسی کیریئر کے دوران مختلف عہدوں کی تفصیل بھی طلب کی گئی تھی، ان سے دریافت کیا گیا تھا کہ کس حکومت میں انہیں کیا عہدہ اور کتنے ترقیاتی فنڈز ملے۔
نیب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حمزہ شہباز صاف پانی کمپنی سے متعلق متعدد اہم اجلاسوں میں شریک رہے ہیں، ان پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاسوں کی صدارت کی ہے، حکام کی جانب سے حمزہ شہباز پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے سے متعلق ہدایات دینے کا الزام بھی ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کی دوبارہ طلبی کا نوٹس بھیجنے کا فیصلہ ڈی جی نیب لاہور کریں گے۔