بجٹ 23-2022: تعلیم پر 109 ارب اور صحت پر 24 ارب روپے مختص


اسلام آباد: وفاقی بجٹ مالی سال 23-2022 میں تعلیم پر 109 ارب روپے اور صحت پر 24 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے جاری کردہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں 67 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان اور ضم اضلاع کے لیے 5 ہزار وظائف شامل کیے گئے ہیں۔

بے نظیر وظائف میں مزید ایک کروڑ طالبعلموں کو شامل کیا جائے گا۔ حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لئے حالیہ بجٹ میں 65 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے، اس کے علاوہ 44 ارب روپے ایچ ای سی کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے بھی رکھے گئے ہیں۔

بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کو اضافی تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے اور بلوچستان کے تعلیمی شعبے کو بہترین تعلیمی سازو سامان مہیا کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کے سلیبز کم کر دیئے گئے

دوسری جانب صحت کے شعبے کے لیے 24 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور وزارت صحت کے لیے پی ایس ڈی پی کی مد میں 12 ہزار 650 ملین مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

جاری منصوبوں میں گلگت بلتستان کے خاندانی منصوبہ بندی و بنیادی صحت منصوبہ کے لیے 49 ملین، نرم اسپتال اسلام آباد میں نئی مشینری اور آلات کی خریداری کے لے 396.993 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

جاری منصوبوں میں وزیر اعظم صحت سہولت پروگرام کا نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام فیز ٹو کا منصوبہ شامل ہے جس کے لیے جاری منصوبوں میں سب سے زیادہ 2 ہزار 100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

متعدی امراض کی نگرانی اور تیاری کے نظام کے لیے 500 ملین، راولپنڈی میں 200 بیڈ پر مشتمل گائنی کے پیچیدہ امراض کے علاج کے مرکز کی تعمیر کے لیے 800 ملین، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال میں ایمرجنسی اور شعبہ حادثات کے 200 بستروں پر مشتمل عمارت کی تعمیر کے لیے 900 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں