محمد حفیظ نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )  کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا ہے، انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کو تنقید کا نشانہ بنانے پر نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

پی سی بی کو جمع کرائے گئے جواب میں محمد حفیظ نے موقف اختیارکیا ہے کہ ان کا انٹرویو  سیاق و سباق سے  ہٹ کر شائع کیا گیا اور انٹرویو کے مخصوص حصے کو اجاگر کیا گیا ہے۔

محمد حفیظ نے بتایا کہ انہوں نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، ساری صورتحال غلط فہمی سے پیدا ہوئی،  انہوں نے تفصیل سے بات کی لیکن تمام  گفتگو شائع نہیں کی گئی۔

محمد حفیظ  نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا  کہ انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی بولنگ 15 ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے، بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 25 اور 30  ڈگری پر اور بعض اس سے بھی زیادہ  ڈگری  پر بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ  کرکٹ بورڈز کی طاقت کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا نہ ہی کوئی اپنے تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں جواب طلب کیا تھا۔


متعلقہ خبریں