خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان کے بیان پر فیڈریشن کاردعمل

قومی خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان کے بیان پر فیڈریشن کا ردعمل سامنے آگیا | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان کی ٹوئٹس پرپاکستان فٹ بال فیڈریشن کا ردعمل سامنے آ گیا ہے جس میں کھیل کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے۔

جنرل سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن کرنل ریٹائرڈ احمد یار لودھی کا کہنا ہے کہ ویمن فٹبالرز کے لیے اس سال انڈر 15 نیشنل چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ قومی خواتین انڈر 15 ٹیم ساؤتھ ایشین فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی جب کہ انٹرنیشنل فٹ بال کنفیڈریشن کے تحت ہونے والی انڈر 15 چیمپیئن شپ میں بھی قومی خواتین فٹبالرز حصہ لیں گی۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے جنرل سیکرٹری کرنل (ریٹائرڈ) لودھی کا مزید کہنا تھا کہ سیف انڈر18 چیمپیئن شپ کے لیے کیمپ جلد لگادیا جائے گا اور ایشیا انڈر 18 چیمپین شپ میں بھی خواتین فٹبالرز حصہ لیں گی۔

فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ رواں برس اکتوبر میں نیشنل ویمن چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔

کرنل (ریٹائرڈ) احمد یار لودھی نے خواتین فٹبال کھلاڑیوں کے شیڈول پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل چیمپیئن شپ کے بعد قومی خواتین فٹ بال ٹیم کو غیرملکی دورے پر بھجوایا جائے گا۔ قومی خواتین ٹیم ساؤتھ ایشین ویمن فٹ بال چیمپیئن شپ میں بھی شرکت کریں گی۔ 2021 میں ہونے والے ساؤتھ ایشین ویمن فٹ بال کپ کی میزبانی بھی پاکستان کے پاس ہے۔

قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے ٹوئٹ کی تھی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اس سال خواتین کے لیے کوئی ایونٹ نہیں رکھا، وہ فٹ بال فیڈریشن سے برابری کا مطالبہ کرتی ہیں۔

ٹوئٹ میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مینز فٹ بال لیگ کا پرومو شوٹ کرنے کے لیے خواتین کھلاڑیوں کو اکٹھا کیا جارہا ہے۔ جب سے فٹ بال فیڈریشن بحال ہوئی ہے خواتین فٹ بالرز کے لیے کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا نہ ہی کسی ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز کے لیے مینز فٹ بال ٹیم کا کیمپ رواں ہفتے لگایا جارہا ہے مگرایشین گیمز میں شرکت کرنے والی خواتین کی ٹیم کے لیے کوئی کیمپ نہیں لگایا جا رہا۔


متعلقہ خبریں