ایبٹ آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ جتنے کنٹینر کھڑے کردیں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔
آگ بہت دور تک جا پہنچی ہے جسے میں جانتا ہوں، شیخ رشید
ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کو آپ کے جنون کا خوف ہے، اسلام آباد میں ایک ہی آواز ہوگی کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہیے، قوم ان ڈاکوؤں کو کبھی بھی تسلیم نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے صرف ایک لوٹا نکلا ہے اور وہ لوٹا ابھی تک پشاور نہیں گیا ہے، ان لوٹوں کو نہیں معلوم کہ قوم میں شعور ہے، قوم بیدار ہے، اسکول کے بچوں کو پتہ ہے کہ لوٹا کیا ہوتا ہے؟ جدھربھی لوٹے جائیں گے ضمیرفروش اورغدارکے نعرےلگیں گے۔
عمران خان نے شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارےمخالف کہتے ہیں کہ گرمی زیادہ ہوگئی ہے لوگ نہیں نکلیں گے لیکن میرے بہادر نوجوانوں کے لیے گرمی کچھ نہیں ہے، آج مخالفین لوگوں کایہ جم غفیر دیکھ لیں،
لوگ کبھی بھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے کوتیارنہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے امریکی سازش کا حصہ بن کر 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت کو ہٹایا ، ان کے ساتھ میر جعفر اور میر صادق شامل تھے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میر جعفر سراج الدولہ کا سپہ سالار تھا اس نے انگریزوں کے ساتھ مل کر مسلمانوں سے غداری کی، میر جعفر کی وجہ سے مسلمان انگریزوں کی غلامی میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے ہندوستان سے جانے کے بعد بنگال سب سے غریب صوبہ بن گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میر صادق نے ٹیپو سلطان کے ساتھ غداری کی اور انگریزوں سے جا ملا، ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے، امریکہ کی جنگ میں ہمارا قبائلی علاقہ اجڑ گیا، میں کبھی امریکہ کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔
امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت مسلط رہنے نہیں دیں گے، عمران خان
عمران خان نے کہا کہ امریکہ کے لیے اپنی قوم کے مفادات کیوں قربان کروں؟َ امریکہ کو مشرف جیسا حکمران چاہیے، جو ایک فون پر چاروں شانے چت ہوجائے۔ انہوں ںے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ ہماری پالیسی یہ ہونی چاہیے کہ اپنے لوگوں کوکسی کیلئے قربان نہ کریں، امریکی جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے،لاکھوں ڈالرزکا نقصان ہوا، میں نےہمیشہ امریکی جنگ کی مخالفت کی، روس اس لیے گیا کہ پاکستان میں تیل اورڈیزل سستا ملے۔
عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف نے کہا ہم بھکاری ہیں ،ہمیں امریکہ کی غلامی کرنی چاہیے، شہبازشریف بھکاری آپ ہوں گے قوم نہیں، قوم کوکسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا، ہم صرف اللہ سے ڈرتے ہیں،کسی سپر پاورکونہیں مانتے، ہمارےنبی ﷺ نے فرمایا اسلام مسلمانوں کوغیرت دیتا ہے، ہمارے دورمیں 4 روپے ٹماٹرکی قیمت میں اضافہ ہوتا تو تنقید ہوتی تھی، جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے سب اشیاء مہنگی ہو گئی ہیںِ۔
سابق وزیراعظم نے براہ راست ذرائع ابلاغ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب میڈیا سے کہتا ہوں کہ اب قیمتوں کا کیوں نہیں پوچھتے؟ میڈیا کو اب پوچھنی چاہیے کہ گھی کی کیا قیمت ہے؟ ڈیزل اور پٹرول کتنے کا ہے؟ عمران خان کو گرانے کیلئے 11 پارٹیاں اکٹھی ہوئیں۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکہ نے ایران میں حکومت بدلنے کی کوشش کی، حکومت بدلنے کیلئے سب سے پہلے میڈیا پر پیسہ لگایا گیا، یہاں کبھی ڈیزل اور کبھی بلاول لانگ مارچ کرنے کا کہہ رہا ہے، پاکستان میں بھی پیسہ چلایا گیا، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے والے باپ بیٹے پراربوں کے کرپشن کیسز ہیں، ایک چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے نکلے، ان کے خلاف تفتیش کرنے والے ایف آئی اے افسران کو نکال دیا گیا، جو کچھ ہو رہا ہے کیا یہ کسی جمہوریت میں ہو سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ شہباز فیملی پر40 ارب روپے کے کیسزہیں، بلے کو دودھ کی حفاظت کرنے کے لیے بٹھا دیا گیا،
جب روپیہ گرتا ہے توسب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے، ملک کا وزیرداخلہ قاتل ہے، اسلام آباد پہنچ کرساری قوم کو بتائیں گے کہ ہمیں آزادی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نیوٹرل صرف جانورہوتا ہے، انسان اللہ کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے، شہبازشریف ڈرامے بند کرو، لوگ آپ کو پہچان چکے ہیں، کپڑے مت بیچو جو تم لوگوں نے لوٹا ہے وہ پیسہ واپس لے آئیں، گندم ہم سستی کرلیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ رات بارہ بجے عدالتیں کھلیں، اب جو ہو رہا ہے وہ کس جمہوریت میں ہوتا ہے؟ انصاف کا نظام بڑے چوروں کو پکڑ نہ سکے تو قوم تباہ ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان جیسے جھوٹ کسی کو بولتے نہیں دیکھا۔
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ، ڈاکو اور قاتلوں کو تسلیم کرلیا تو پاکستان سے دھوکہ کریں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایبٹ آباد جلسے کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا تھا کہ ایبٹ آباد میں آج آ رہا ہوں اور آپ نے بھرپور طریقے سے جلسے میں شرکت کرنی ہے۔
انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو پتہ ہے کہ میں کیوں آ رہا ہوں ؟ ہم امپورٹڈ حکومت کے خلاف جلسہ کر رہے ہیں اور عوام کو آگاہ کرنا ہے، ساری قوم کو تیار کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں جب میں کال دوں گا تو سب نے اس میں شرکت کرنی ہے۔
چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے اس سے قبل اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں امریکہ سمیت کبھی کسی ملک کے خلاف نہیں رہا ہوں۔
ہمیں ہٹا کر کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کر دیا گیا، عمران خان
انہوں نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے اچھے تعلقات تھے اور 15 سال میں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی مخالفت کی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا۔