اسپیکر قومی اسمبلی کل حمزہ شہباز سے حلف لیں، ہائیکورٹ کا حکم


لاہور ہائی کورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو حمزہ شہباز سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف لینے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کل 11:30 حمزہ شہباز سے حلف لیں۔

جسٹس جواد حسن نےحمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ لاہورہائیکورٹ نے 9صفحات کا فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ آفس عدالتی حکم سے سیکریٹری قانون کو آگاہ کریں۔

سماعت کے آغاز پر جسٹس جواد حسن نے کہا کہ عدالت کا وقت گزر چکا ہے کیسے سن سکتے ہیں۔

حمزہ شہباز کے وکیل اشتر اوصاف علی نے کہا کہ ہائیکورٹ رولز کے تحت بنیادی حقوق کے لیے وقت بڑھایا جا سکتا ہے۔

جسٹس جوادحسن نے ریمارکس دیئے کہ میں نے تو سب کچھ ابھی پڑھنا ہے، میں نے تو قانون کے مطابق کام کرنا ہوتا ہے، چیف جسٹس کا کیا حکم تھا ؟

حمزہ کے وکیل اشتر اوصاف علی نے بتایا کہ چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ کا حلف 28 اپریل تک کرانے کا کہا تھا۔

جسٹس جواد حسن نے کہا کہ کسی کی جرات نہیں ہونی چاہیے کہ ہائیکورٹ کے حکم کو نہ مانے، وکیل اشتر اوصاف علی نے کہا کہ حلف نہ لے کر آئین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

وکیل اشتر اوصاف علی کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب آئین پر عمل نہیں کر رہے، جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ توہین عدالت کا کیس کیوں نہیں کرتے، وکیل نے جواب دیا وہ ہم کرسکتے ہیں مگر میرے موکل نے ابھی صرف حلف برداری کا معاملہ عدالت کے سامنے رکھنے کا کہا ہے۔

حمزہ شہباز کے وکیل کا کہنا تھا کہ لوگوں کے بنیادی حق متاثر ہیں کیونکہ ان کا منتخب نمائندہ کام نہیں کر رہا۔، جسٹس جواد حسن نے کہا کہ عدالت کے فیصلے نہیں مانے جا رہے، یہ عدالت کی عزت کا سوال ہے، مجھے آئین میں راستہ نظر آئے تو میں چل پڑتا ہوں۔

حمزہ کے وکیل اشتر اوصاف نے کہا کہ کورٹ نے سابق وزیراعظم کو توہین عدالت میں 2 منٹ کی سزا دی تھی، توہین عدالت کی سزا کے بعد وزیراعظم کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کل تک حلف لیا جائے، عدالت کا حکم

یاد رہے دو روز قبل، لاہور ہائیکورٹ  نے حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ 28 اپریل تک گورنر خود یا کسی نمائندے کے ذریعے حلف لیں۔ حلف میں تاخیر آئین کے خلاف ہے۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ گورنر پنجاب پابند ہیں کہ وہ قانون کے مطابق حلف لیں۔ آئین کے تحت صدر اور گورنر پنجاب اپنے حلف کی پاسداری کے پابند ہیں۔ پنجاب 25 دن کے بغیر وزیر اعلیٰ کے چل رہا ہے۔ اس وقت عثمان بزدار وزیر اعلی ٰکی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں