لاہور: گرین لائن ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، ریلوے ٹریفک معطل


لاہور: کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر ٹرین گرین لائن ایکسپریس لاہورریلوے یارڈ میں پٹری سے اتر گئی جس کے باعث کراچی اور راولپنڈی کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گرین لائن ایکسپریس لاہور ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوتے وقت  یارڈ  میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے باعث گرین لائن اور یارڈ میں کھڑی مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ تصادم میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع  ہے۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہورسفیان ڈوگر نے بتایا کہ حادثہ لاہور ریلوے اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی ٹرین کو فوری جائے حادثہ پر پہنچا دیا گیا اور ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا  ہے تاہم بوگیوں کو سیدھا کرنے اور پٹری پر لانے میں پانچ  سے چھ  گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درست حالت میں موجود بوگیوں پر مشتمل گرین لائن ایکسپریس کو منزل مقصود کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔


متعلقہ خبریں