پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ملاقات کل ہوگی


لاہور:نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پراتفاق کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کے درمیان کل ملاقات ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نگراں وزیراعلیٰ کے لیے شاہد حفیظ کارداراور سلمان شاہ سمیت پانچ نام پیش کریں گے۔

کرکٹ کپتان عبدالحفیظ کاردار کے صاحبزادے شاہد حفیظ کاردار نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے 16 ویں گورنرکی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیے ہیں۔

ڈاکٹر سلمان شاہ مشیرخزانہ اورچیئرمین نجکاری کمیشن کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ مرحوم چیف آف آرمی اسٹاف جنرل آصف نواز جنجوعہ کے داماد بھی ہیں۔

میاں محمودالرشید نے گزشتہ روز کہا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دو ناموں کی منظوری دی ہے جن میں سے ایک سابق بیوروکریٹ بھی شامل ہیں۔ میڈیا سے بات چیت میں جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے تجویز کردہ نام کون سے ہیں ؟ تو انہوں نے جواب دینے کے بجائے معذرت کرلی تھی۔

آئین کے تحت صوبوں میں بھی قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے نگراں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں