کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے، وزیر اعظم


کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کی کوشش کے علاوہ کراچی میں پانی کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ کراچی کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے مزار پر حاضری دے کر خراج عقیدت پیش کیا۔ ہم قائد اعظم کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو سی پیک کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے اور کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو بھی حل کریں گے اور سندھ حکومت کے ساتھ چلیں گے۔

اس سے قبل نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

شہباز شریف کا وزیراعظم ہاؤس کو پاکستان ہاؤس میں تبدیل کرنیکا اعلان

وزیر اعظم شہباز شریف کے کراچی پہنچنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور اکرم درانی بھی تھے۔

وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ بھی تھے۔ وزیر اعظم نے تاثرات بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

Image

دورہ مزار قائد کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ون ٹو ون ملاقات کی۔ جس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم سے سندھ کابینہ کے اراکین نے بھی ملاقات کی۔

وزیر اعظم کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو سندھ کے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہدایت کے علاوہ سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور سندھ کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کراچی سرکلر ریلوے پر بھی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی ٹریفک کا مسئلہ اور بی آر ٹی سروس کی کامیابی کے سی آر پر منحصر ہے۔ وفاقی حکومت نے کے سی آر پروجیکٹ 201 ارب روپے کی لاگت سے پی پی پی موڈ پر منظور کیا۔

مراد علی شاہ نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو سی پیک کے تحت تعمیر کیا جائے۔ آپ نے سی پیک کو تیز کرنے کا عہد کیا ہے اور سندھ کے دیگر منصوبے بھی سی پیک میں شامل کیے جائیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اظہار الحسن اور کنور نوید جمیل بھی وزیر اعلی ہاؤس میں موجود تھے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نے دوران پرواز اجلا س کی صدارت کی جس میں کراچی اور معاشی معاملات سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔


متعلقہ خبریں