الیکشن کمیشن کا 4 ماہ کے دوران حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 4 ماہ کے دوران حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کو 13 اپریل کو عام انتخابات کا ایکشن پلان پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ عام انتخابات سے متعلق تمام امور کی مانیٹرنگ اور ایکشن پلان بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن نے 2017 کی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام 4 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبائی حکومتیں نقشہ جات و دیگر ڈیٹا فوری طور پر مہیا کریں اور الیکشن کمیشن جمہوری عمل کے تسلسل، شفافیت اور قانون کے لیے آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تمام طاقتیں بے نقاب ہو چکی ہیں، شیخ رشید

قومی اسمبلی کی نشست 33 ہنگو میں 10 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات اب 17 اپریل کو ہوں گے جبکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ انتخابات بروقت کروائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی سیکرٹری خزانہ اور چیف سیکرٹری پنجاب کو طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا اور دونوں حکام کو سننے کے بعد لوکل گورنمنٹ انتخابات کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن آئینی وقانونی طور پر خود مختار ادارہ ہے جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کی مالی وانتظامی تعاون کی پابند ہیں۔


متعلقہ خبریں