شہباز شریف نگران وزیر اعظم کے لیے مشاورت کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو نہ بنیں، فواد چودھری


 تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نگران وزیر اعظم کے تقرر کے لیے مشاورت کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو نہ بنیں۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے  لکھے گئے خط  کے جواب میں  نگران وزیر اعظم کے لیےہم نے دو نام بھجوا دئیے ہیں۔ شہباز شریف مشاورت کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو نہ بنیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سات روز میں  نگران وزیر اعظم کے لیے نام نہ دئیے تو اس کا بھی طریقہ کار ہے۔ عوام نئے انتخابات کیلئے تیار ہیں، کسی کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ  اپوزیشن رہنماؤں کا آج کافی لمبا نوحہ سنا، سپریم کورٹ بینچ پر حملے ہو رہے ہیں، عدالت پر اثرانداز ہونے کی کوشش ناکام بنائیں گے۔اسپیکر کی رولنگ کو غیرآئینی نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا ہے کہ خط کی تفصیلات پوری طرح عوام کے سامنے نہیں رکھیں ، خط دکھانے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا تھا۔ اپوزیشن کو خط دیکھنے کی دعوت دی تھی یہ نہیں آئے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو آئین کا نام لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے ،کیا ہارس ٹریڈنگ آئین کا حصہ ہے۔ ہم کوئی غداری کے سرٹیفکیٹ نہیں بانٹ رہے، اپوزیشن احتجاج کی دھمکی دے رہی ہے، عمران خان نے کال دی تو ان کا گھروں میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں